
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو کے دوران غلط معلومات فراہم کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین غلط معلومات فراہم کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ کے انٹرویوز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور احتجاج کے حق کے حوالے سے مسخ شدہ وضاحتیں پیش کی گئی ہیں۔
اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویو دینے کا مقصد ملک سے باہر رائے سازوں پر دباؤ ڈالنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی جماعت ریاست پر 9 مئی کو ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں قابل مذمت عزائم اور مقاصد شامل تھے۔ دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو برداشت نہیں کرتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ ہر مسئلہ کو قانون کے تحت مناسب طریقے سے حل کیا جائے گا، اور میں ضمانت دیتا ہوں کہ حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔