
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس میں اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان 20 جون کو فیصلہ سنائے گا۔
کیس کی گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو آج کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔
اس سے قبل اگست 2022 میں، ای سی پی نے سابق وزیر اعظم اور دیگر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور انتخابی نگران کے خلاف مبینہ طور پر "غیر مہذب” زبان استعمال کرنے پر نوٹس جاری کیے تھے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے بار بار کمیشن اور سی ای سی سکندر راجہ پر تنقید کی اور انتخابی ادارے کو ن لیگ کا ” ذیلی ادارہ” کہا تھا۔