
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے کیونکہ ‘دہشت گردوں’ کو حوالے کرنے کے لیے پنجاب حکومت کی ڈیڈ لائن آج دوپہر 2 بجے ختم ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں شرپسندوں کی موجودگی اور ممکنہ پولیس آپریشن کے حوالے سے پنجاب حکومت کا الٹی میٹم ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں۔
زمان پارک کی طرف جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس نے گزشتہ روز بھی زمان پارک جانے والے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا تھا۔
دھرم پورہ پل اور علامہ اقبال روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جہاں بلٹ پروف جیکٹ پہنے پولیس اہلکار موبائل وین کے ساتھ تعینات ہیں۔
پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو زمان پارک میں چھپے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی حوالگی کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔
پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہاؤس سمیت فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں۔