
امریکہ، یورپی یونین، کینیڈا، برطانیہ نے ماسکو پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
کیف : صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعے کو اس سال روس کو شکست دینے کے لیے سب کچھ کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے، وہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ کے سب سے بڑے تنازعے کے آغاز کے ایک سال مکمل ہونے پر خطاب کر رہے تھے۔
روسی حملے کا سال مکمل ہونے کے خلاف کئی یورپی دارالحکومتوں میں مظاہرے کیے گئے، دوسری جانب تازہ مغربی پابندیوں میں روس کے بینکوں، فوجی صنعت اور سیمی کنڈکٹر تک رسائی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
دریں اثنا، سات صنعتی ممالک کے گروپ نے روس کو پابندیوں کے "شدید نتائج” کے ساتھ دھمکی دی ہے۔
کیف کے دورے پر آنے والے پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوز موراوئیکی نے کہا کہ پولینڈ نے جرمن ساختہ لیپرڈ ٹینک یوکرین کو روسی فوجیوں کو پسپا کرنے اور "مزید حمایت کے واضع اشارے ” کے طور پر یوکرین بھیجے ہیں ۔
موراویکی نے مزید کہا کہ پولینڈ جلد ہی مزید ٹینک بھی بھیجے گا، اور وہ یوکرائنی پائلٹوں کو ایف-16 لڑاکا طیارے اڑانے کی تربیت دینے کی پیشکش بھی کر رہا ہے ۔
تاہم، روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف نے اصرار کیا کہ ان کا ملک "پولینڈ کی سرحدوں” تک اپنی جارحیت کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب مالڈووا کے ساتھ یوکرین کی سرحد پر بھی کشیدگی پیدا ہو رہی ہے، ماسکو نے دعویٰ کیا ہے کہ کیف، ٹرانسنسٹریا کے الگ ہونے والے علاقے پر حملہ کرنے کی سازش کر رہا ہے اور اس کا جواب دینے کا وعدہ کیا ہے۔ مالڈووا نے یوکرین کی طرف سے کسی بھی خطرے کی تردید کی ہے۔