
لاہور: وفاقی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ 2002 سے توشہ خانہ کے تحائف کے خریداروں کے ریکارڈ کو "ڈی کلاسیفائی” یعنی عام کیا جا رہا ہے ۔
ابتدائی طور پر ریکارڈ جمع کرانے پر ہچکچاہٹ کا اظہار کرنے کے بعد ، حکومت نے 21 فروری کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کو پبلک کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائی تھیں۔
اس نے یہ بھی کہا تھا کہ دستاویزات کو سیل کرنا لاہور ہائی کورٹ کی صوابدید پر ہے۔
توشہ خانہ 1974 میں قائم کیا گیا ایک محکمہ ہے اور اس میں پاکستانی حکمرانوں کو دیگر حکومتوں کے سربراہان اور غیر ملکی معززین کی طرف سے دیے گئے قیمتی تحائف محفوظ کیے جاتے ہیں۔
توشہ خانہ کے قوانین کے مطابق، تحائف کی معلومات صرف ان افراد کو دی جائے گی جن پر یہ قوانین لاگو ہوتے ہیں۔
توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات شیئر نہ کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کارروائی کی روشنی میں خبروں میں ہے ۔
آج سماعت کے دوران کابینہ سیکرٹری اعزاز اسلم ڈار توشہ خانہ ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق بھی موجود تھے۔
سماعت شروع ہوتے ہی ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جسٹس عاصم حفیظ کو بتایا کہ کابینہ نے توشہ خانہ کے تحائف کے 2002 کے ریکارڈ کو عام کر دیا گیا ہے۔ ” تمام ریکارڈ حکتومتی ویب سائیٹ پر بھی دیکھا جا سکے گا۔”
اس پر معزز جج نے پوچھا کہ، کیا حکومت کے پاس 2002 سے پہلے ملنے والے تحائف کا ریکارڈ موجود نہیں؟۔ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ 2002 سے پہلے کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ نہیں ہے۔
اس کے بعد جسٹس عاصم حفیظ نے کابینہ سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ 2002 سے پہلے کے تحائف کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کریں۔
یہاں، حکومتی وکیل نے واضح کیا کہ توشہ خانہ کے خریداروں کے ریکارڈ کو ڈی کلاسیفائی کیا جا رہا ہے۔ "ہم ان [ممالک] کے ریکارڈ کو ظاہر نہیں کر رہے ہیں جنہوں نے یہ دیا۔”
تاہم جسٹس حفیظ نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ’’تحفے کہاں سے آئے‘‘ کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی جائیں۔ ’’آپ یہ ریکارڈ ہمیں چیمبر میں جمع کروائیں گے۔‘‘
تاہم درخواست گزاروں کے وکیل نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عدالت میں مکمل ریکارڈ پیش کرے۔ اس پر، جج نے کہا: "2023 میں، حکومت نے ریکارڈ کو غیر اعلانیہ کرنے کا فیصلہ کیا. حالات اچانک نہیں بدل سکتے۔”
سماعت کو 13 مارچ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔