
لاہور: ریلوے حکام کے مطابق، جمعرات کی صبح پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں جعفر ایکسپریس ٹرین کے اندر دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان بابر علی نے فون پر مقامی اخبار کو زخمیوں اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین کی بوگی نمبر چار کے اندر سلنڈر پھٹنے کے بعد ہوا۔ "ایک مسافر نے سلنڈر کو اپنے سامان میں چھپایا اور اسے باتھ روم میں لے گیا جو بعد میں پھٹ گیا۔”
بابرعلی نے مزید کہا کہ ایس پی ریلوے دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں اور جلد ہی واقعے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کریں گے۔
جائے وقوعہ سے ملنے والی فوٹیج میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں کو شواہد اکٹھے کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔