
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے بڑی تباہی رونما ہوئی ہے کم و بیش 1 ہزار 710 عمارتیں زمیں بو س ہوئیں،مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے
گزشتہ روز ترکیہ اور شام میں صبح 4 بجے کے قریب شدید ترین زلزلہ آیا جس کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی،جب کہ 50 سے زائد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 1 منٹ تک محسوس کیے گئے۔زلزلے کا مرکز ترکیہ جنوب میں غازی انتپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا، زلزلے کی گہرائی 17.9 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔زلزلے کے جھٹکے قبرص،شام، یونان،اردن،لبنان اور فلسطین میں بھی محسو س کیے گئے لیکن ترکیہ اور شام زلزلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ترکیہ کے نائب صدر کے مطابق زلزلے کے بعدصوبہ غازی انتپ اور حاطے ائیر پورٹ پر سول پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث ترکیہ کے صوبہ حاطے میں قدرتی گیس لائن میں آگ بھڑک اٹھی،احتیا طی تدابیر کے لیے صوبے میں قدرتی گیس کی فراہمی کو روک دیا گیا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ان کا کہناہے کہ ترکیے میں زلزلے سے اموات میں کتنا اضافہ ہو گا اس کا ابھی اندازہ نہیں لگا سکتے۔اب تک 45 ممالک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیش کش کر چکے ہیں،1939 کے بعداب زلزلے سے بڑی تباہی ہو ئی ہے۔
انہوں نے زلزلے سے متاثرتمام شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل جائیں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا ہے،ایک ہفتے تک ملک بھر میں پرچم سر نگوں رہے گا۔ترک وزارت ِ تعلیم کے مطابق ملک بھر میں سکول13 فروری تک بند رہیں گے۔
دوسری جانب شام میں بھی زلزلے سے بڑی تباہی ہوئی ہے،سینکڑوں عمارتیں زمیں بوس ہونے کے بعد متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں جنہیں نکا لنے کے لیے امدادی کاروائیاں جاری و ساری ہیں۔شامی حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شام کے صوبوں حما،حلب اور لتاکیہ میں محسوس کیے گئے ہیں۔