اسلام آباد: اداروں کے خلاف بغاوت میں اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے شہباز گل ایمبولینس میں عدالت حا ضر ہوئے

پاکستان تحریکِ انصاف کے راہنما شہباز گل اداروں کے خلاف بغاوت میں اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے ایمبولنس میں عدالت پہنچے،ایمبولنس میں شہباز گل کو آکسیجن ماسک لگا ہوا تھا۔کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ملزم شہباز گل کے وکیل نے بتایا کہ وہ باہر ایمبولنس میں موجود ہیں،یہ بیمار آدمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیتے ہیں۔شہباز گل ایمبولنس سے نہیں اتر سکتے جس پر جج نے ان کی حاضری لگا دی۔جج نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ لٹک رہا ہے ایسالگ رہا ہے کہ ٹائم آگے کروایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عماد یوسف کے وکیل نے ان کی جانب سے حاضری سے استثنی ٰ کی درخواست دائر کی اور عدالت کو بتایا کہ وہ ملیریا کا شکار ہیں۔وکیل نے ملزم عماد یوسف کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی۔جج نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے باریاں لگی ہوئی ہیں شہباز گل لاہور سے ایمبولنس پر آگئے اور عماد یوسف کراچی سے نہیں آئے۔
جج طاہر عباس نے حتمی فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عماد یوسف کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے جب کہ شہباز گل پر فردِ جرم عائد کرنے کی کاروائی 20 جنوری تک مؤخر کر دی اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان اپنی حاضری یقینی بنائیں۔