
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں بریت کے لیے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمے سے باعزت بری کردیا۔
منشیات اسمگلنگ کیس سے بریت کے لیے رانا ثنااللہ کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز اور انسپکٹر احسان عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز اور انسپکٹر احسان نے پراسکیوشن کے الزام کو غلط قرار دیا۔
اس موقع پر دونوں گواہوں نے بھی بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ ہمارے سامنے منشیات برآمدگی نہیں ہوئی۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے سماعت میں پندرہ منٹ کا وقفہ کیا جس کے بعد منشیات اسمگلنگ کیس میں رانا ثنااللہ کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے رانا ثنااللہ کو بری کر دیا۔
عدالت نے دیگر شریک تمام ملزمان کو بھی بری کر دیا۔
اس سے قبل آج رانا ثنا اللہ کی جانب سے دائر بریت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ جھوٹ پر مبنی اور من گھڑت ہے۔